انٹرنیشنل

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے دھماکے، 2 آئل ٹینکرز تباہ؛ پاسدارانِ انقلاب اور امریکا کے متضاد دعوے

اس واقعے کے بعد عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

تہران/واشنگٹن: آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی اور ناکہ بندی کے دوران ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دو آئل ٹینکرز تباہ ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، امریکی انٹیلی جنس اداروں نے دھوکا دہی کے ذریعے دو آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں واقع بارودی سرنگوں والے ممنوعہ علاقے کی طرف بھیجا، جہاں وہ سرنگوں سے ٹکرا گئے۔ دھماکوں کے نتیجے میں دونوں ٹینکرز میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی حکام نے ٹینکرز کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم ملاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جانی و مالی تحفظ کے لیے جنوبی راستوں سے دور رہیں اور ایرانی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک مختصر بیان میں ایرانی دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ‘غلط اور بے بنیاد’ قرار دیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے میزائل اور ڈرون کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 4 تجارتی جہازوں کو روک لیا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق، یہ جہاز امریکی فوج کی پشت پناہی کے ساتھ ایرانی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے سے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور بحری جہازوں کو صرف شمالی حصے میں ایرانی ساحل کے قریب سے گزرنے کی اجازت دی ہے، جبکہ امریکا جنوبی راستے کو بحال رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جواباً، امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر دی ہے اور ایران کی نگرانی کی صلاحیت کو مفلوج کرنے کے لیے اس کے اندرونی اہداف پر رات کے وقت فضائی حملے بھی کیے جا رہے ہیں۔ متبادل دفاع کے طور پر ایران نے آبنائے ہرمز میں بڑے پیمانے پر بارودی سرنگوں کا جال بچھا رکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے