ایران کے بحرین، کویت اور اردن پر حملے جنگی جرائم ہیں، خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کی شدید مذمت
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری تنصیبات اور بنیادی عوامی انفراسٹرکچر کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے
ریاض: خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) نے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات اور شہری ڈھانچے پر ایران کے حالیہ میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کے تحت ‘جنگی جرائم’ قرار دے دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری تنصیبات اور بنیادی عوامی انفراسٹرکچر کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ ایرانی اقدامات خطے میں انتہائی خطرناک کشیدگی کا سبب بن رہے ہیں، جس سے مشرقِ وسطیٰ کا امن و استحکام شدید خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان حملوں پر خاموش رہنے کے بجائے فوری نوٹس لے اور ایران کا بین الاقوامی قانون کے تحت احتساب کیا جائے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ ان فوجی کارروائیوں کی عالمی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے بحرین، کویت اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کونسل ان ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کے جواب میں ان تینوں ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا ہے، جس پر خلیجی ممالک اور علاقائی تنظیموں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

