کھیل

فیفا ورلڈ کپ فائنل: شکیرا اور برنا بوائے کے ہاف ٹائم شو کی ریہرسل تصاویر اور ویڈیوز وائرل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز ٹاکرے کے ساتھ ساتھ شائقینِ فٹبال کو تاریخ کے پہلے ‘ہاف ٹائم شو’ کا بھی بے صبری سے انتظار ہے،

نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز ٹاکرے کے ساتھ ساتھ شائقینِ فٹبال کو تاریخ کے پہلے ‘ہاف ٹائم شو’ کا بھی بے صبری سے انتظار ہے، جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب میں دھوم مچانے والی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور افرو بیٹس اسٹار برنا بوائے نے نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فائنل شو کی ریہرسل مکمل کر لی ہے۔ شکیرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریہرسل کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا، "اتوار کے لیے تیار ہیں، ورلڈ کپ فائنل میں ملاقات ہوگی!”۔ شکیرا کی یہ پوسٹ چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے لاکھوں صارفین نے لائیک کیا اور اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔

فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار مقبول امریکی ایونٹ ‘سپر باؤل’ کی طرز پر ہاف ٹائم شو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس بار روایتی 15 منٹ کے وقفے کے بجائے طویل دورانیے کا خصوصی میوزیکل شو ہوگا، جس میں شکیرا اور برنا بوائے ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ترانے پر پرفارم کریں گے۔ اس شو کا مقصد فٹبال کے ذریعے عالمی یکجہتی کو فروغ دینا اور فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کے لیے تعاون جمع کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس میگا شو کو یادگار بنانے کے لیے جسٹن بیبر، میڈونا، بی ٹی ایس، گیٹو کڈز، نامور آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو ڈوڈامل اور پی ایس 22 کورس سمیت کولڈ پلے کے ارکان بھی پرفارم کریں گے۔ مزید برآں، بچوں کے پسندیدہ شوز ‘سیسمی اسٹریٹ’ اور ‘دی مپٹس’ کے مقبول کردار بھی اسٹیج کی رونق بڑھائیں گے، جس کے باعث یہ شو فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا تفریحی ایونٹ بننے جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے