خطے کی بڑھتی کشیدگی: وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے
شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات؛ خلیجی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا
ریاض / اسلام آباد(اردو خبرنامہ) خلیجی خطے میں تیزی سے بدلتی اور کشیدہ ہوتی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف فیلڈ مارشل اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کے دوران پاکستانی قیادت سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے خصوصی اور اہم ملاقات کرے گی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس اعلیٰ سطح دورے کا بنیادی مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا اور خطے کے مجموعی امن و امان کی صورتحال پر باہمی مشاورت کو تیز کرنا ہے۔ ملاقات کے ایجنڈے میں دوطرفہ اسٹریٹجک و اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی و بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی بڑھانا بھی شامل ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ خلیج میں پیدا ہونے والے تناؤ کے پس منظر میں ہو رہا ہے، تاہم اس کے اثرات قلیل مدتی مقاصد سے ہٹ کر طویل المدتی دفاعی اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

