امریکا نے بجلی گھروں پر حملہ کیا تو تمام خلیجی ممالک کو اندھیرے میں ڈبودیں گے: ایران
خلیجی ممالک کی مداخلیت اور سفارتی کوششیں
تہران / واشنگٹن: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے اس کے بجلی گھروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو جوابی کارروائی کے طور پر تمام خلیجی ممالک کے پاور گرڈز کو تباہ کر کے پورا خطہ اندھیرے میں ڈبو دیا جائے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق دو اہم علاقائی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ تہران نے خلیجی دارالحکومتوں کو ایسے انتباہی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے نہ صرف دھمکی دی ہے بلکہ ان حساس اور اہم خلیجی پاور تنصیبات کی ایک فہرست بھی پیش کی ہے جنہیں جوابی حملے میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
اس پیشرفت کے بعد خلیجی ممالک میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ خطے کی معیشت، تیل کی برآمدات، واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹس اور مواصلاتی نظام کا تمام تر انحصار اسی بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر ہے۔ تاہم، حکومتِ ایران یا امریکی انتظامیہ کی جانب سے فی الحال اس رپورٹ پر باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔
خلیجی ممالک کی مداخلیت اور سفارتی کوششیں
یہ انتباہی پیغامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ایران کے بجلی اور توانائی کے مراکزی نظام پر تابڑ توڑ حملوں کی دھمکی دی تھی۔ بعد ازاں، صدر ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی درخواست پر فوری فوجی کارروائی کا منصوبہ مؤخر کر دیا ہے تاکہ سفارتی راستے کو موقع فراہم کیا جا سکے۔
فی الوقت عمان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے ایک معائدہ تقریباً طے پا چکا ہے، تاہم کچھ حساس اور اہم امور پر حتمی اتفاق رائے ہونا ابھی باقی ہے۔

