ایران سے نمٹنے کے لیے امریکا ہر ممکن ذریعہ استعمال کرے گا: امریکی نائب صدر
فوجی، معاشی اور سفارتی دباؤ جاری رہے گا؛ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے: جے ڈی وینس
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا ہے کہ امریکا، ایران کے ساتھ جاری تنازع سے نمٹنے کے لیے فوجی، معاشی اور سفارتی سمیت تمام ضروری ذرائع استعمال کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ واشنگٹن کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کی باریکیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے ساتھ بات چیت انتہائی پیچیدہ ہے کیونکہ ایرانی نظام اقتدار مختلف دھڑوں میں تقسیم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں ایک طبقہ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے جبکہ دوسرا گروہ کشیدگی کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، اس لیے امریکا اپنے قومی مفادات کے عین مطابق درست حکمت عملی اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششوں سے بالآخر کوئی راستہ نکل آئے گا، تاہم اس عمل میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام آئے گا جس کا براہ راست فائدہ عالمی معیشت کو ہوگا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان شدید تناؤ کے باوجود پسِ پردہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔

