پاکستان اور صومالیہ کا دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے صومالی وزیر دفاع کی ملاقات؛ فوجی تربیت اور استعداد کار میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال
راولپنڈی: پاکستان اور صومالیہ نے باہمی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دفاعی روابط کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صومالیہ کے وزیر دفاع سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی شعبے میں شراکت داری بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے فوجی سطح پر روابط کی استواری، مشترکہ تربیتی امور اور استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر صومالی وزیر دفاع نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل نے صومالیہ کے سیکیورٹی اداروں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

