غزہ: اسرائیل کا نمازِ جنازہ پر فضائی حملہ، 9 سوگوار شہید اور متعدد زخمی
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے ایک اہم رہنما کے قریبی کمانڈر انس محمود احمد حمدان کو نشانہ بنایا ہے۔
غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیل نے ایک جنازے کے دوران سوگواروں پر براہِ راست حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ شہری اسی روز اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایک فلسطینی کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔
نصیرات کے العودہ اسپتال کی انتظامیہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، تاہم جس شخص کا جنازہ پڑھایا جا رہا تھا اس کی سرکاری شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔ دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے ایک اہم رہنما کے قریبی کمانڈر انس محمود احمد حمدان کو نشانہ بنایا ہے۔
حماس نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک گھناؤنا جرم قرار دیا ہے۔ ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل عالمی برادری اور ثالث ممالک کی موجودگی میں جنگ بندی کے معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ صرف عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتے ہیں، لیکن اس مخصوص واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ جاری نہیں کیا۔

