امریکی بحری بیڑے نشانے پر، کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں: ایرانی پاسدارانِ انقلاب
امریکی افواج ایران کی ممکنہ فوجی کارروائی کے ’’زیرو آور‘‘ (فیصلہ کن گھڑی) کے قریب پہنچ چکی ہیں
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحری بیڑے ان کے ریڈار پر ہیں اور عسکری ساز و سامان سمیت امریکی فوج کی تمام تر نقل و حرکت پر ایرانی بحری یونٹس گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایک سخت بیان میں خبردار کیا ہے کہ امریکی افواج ایران کی ممکنہ فوجی کارروائی کے ’’زیرو آور‘‘ (فیصلہ کن گھڑی) کے قریب پہنچ چکی ہیں اور خطے کے سمندری علاقوں میں امریکی سینٹکام کی بحری یونٹس کے خلاف کسی بھی وقت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
بیان میں حملے کی نوعیت یا وقت کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں، تاہم آخر میں امریکی فوج کو مختصر اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’انتظار کریں…‘‘۔ پاسدارانِ انقلاب نے ثبوت کے طور پر بحیرۂ عرب میں ایندھن لیتے ہوئے ایک امریکی ہیلی کاپٹر بردار جہاز کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ دوسری طرف، ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر میجر جنرل مجید موسوی نے بھی سخت لہجہ اپنائے ہوئے کہا ہے کہ جب تک جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز میں حالات معمول پر نہیں آتے، ایران کی جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

