انٹرنیشنل

ایران کے حملوں کی مذمت: قطر نے سمندری سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے روک دیں

عوامی سکیورٹی کے پیشِ نظر تفریحی و ماہی گیری کی کشتیوں، جیٹ اسکیز اور دیگر چھوٹی سمندری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے

دوحہ: خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیش نظر قطر نے ملک بھر میں بیشتر سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قطر نے اپنی سرزمین پر ایرانی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

قطری وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق، عوامی سکیورٹی کے پیشِ نظر تفریحی و ماہی گیری کی کشتیوں، جیٹ اسکیز اور دیگر چھوٹی سمندری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے جو اگلے حکم نامے تک برقرار رہے گی۔ تاہم، بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے اور وہ طے شدہ ضوابط کے تحت اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے۔

ادھر قطری وزارتِ خارجہ نے ایران کو ان حملوں کے نتائج کا براہِ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ایسی جارحانہ کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ قطر بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کا حق رکھتا ہے، لیکن وہ خطے میں فوری جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کی بحالی کا بھی خواہاں ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق، خلیج اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے بحری تجارت اور توانائی کی سپلائی کو شدید متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے خلیجی ممالک مسلسل ہنگامی حفاظتی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے