انٹرنیشنل

امریکی فضائی کارروائیوں کا ردعمل: ایران کے خلیجی ممالک پر میزائل حملے، آبنائے ہرمز تاحکمِ ثانی بند

اس حملے میں متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس سے بیس کے کمانڈ سینٹر اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگرز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

تہران/دوحہ: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن میں قائم ‘پرنس حسن ایئر بیس’ پر امریکی عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان کے مطابق، اس حملے میں متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس سے بیس کے کمانڈ سینٹر اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگرز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

امریکی کارروائیوں کے بعد خطے میں جنگ کی آگ مزید بھڑک اٹھی ہے۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک میں ہنگامی سائرن بجنے کی تصدیق کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ ان کا فضائی دفاعی نظام ایران کی طرف سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ ادھر قطر کی وزارتِ دفاع نے بھی اپنے ملک پر ہونے والے میزائل حملے کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب، ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔ ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ ایک تجارتی جہاز نے غیر منظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کی جس پر انتباہی فائرنگ کی گئی۔

پاسدارانِ انقلاب نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگلے حکم تک کسی بھی جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور اگر دشمن نے اس فیصلے کے خلاف کوئی مہم جوئی کی تو اسے عبرت ناک جواب دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے