فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی سیاسی قیادت کی ملاقات
بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے، آرمی چیف سید عاصم منیر
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی و سماجی قیادت نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف وہاں کے عوام کے ہاتھوں میں ہے اور بلوچستان و پاکستان کا حال اور مستقبل ہمیشہ ایک ہی رہے گا۔
امن و ترقی اور پائیدار استحکام :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان باصلاحیت، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے، جبکہ دیرپا امن و استحکام صوبے کی معاشی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے اور قدرتی و انسانی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں ڈھالنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ قرار دیتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دشمن عناصر اور پراکسیز کی ناکامی: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نشاندہی کی کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان جیسے عناصر غیر ملکی پراکسیز کے طور پر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل سے دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے سماجی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ جھوٹے بیانیوں اور منفی پروپیگنڈے کا بلاجھجک مقابلہ کریں اور بلوچستان کی حقیقی ترقی اور صلاحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔
سیاسی قیادت کا عزم ملاقات میں شریک بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غیر ملکی اسپانسرڈ خطرات کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن بلوچستان کی تعمیر کی جائے گی اور دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی فریب میں دفن ہو جائے گا۔

