شوبز

عامر خان پر ’لو جہاد‘ کا الزام، لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی مبینہ دھمکی

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ اور وائس نوٹ میں خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ظاہر کرنے والے آرزو بشنوئی اور ٹائسن بشنوئی نامی افراد نے عامر خان پر ’’لَو جہاد‘‘ کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو بھارت کے بدنامِ زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر قتل کی دھمکی دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ اور وائس نوٹ میں خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ظاہر کرنے والے آرزو بشنوئی اور ٹائسن بشنوئی نامی افراد نے عامر خان پر ’’لَو جہاد‘‘ کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار ایسے نظریات کو فروغ دے رہے ہیں جو ان کے بقول ثقافتی اور مذہبی اقدار کے خلاف ہیں، اس لیے انہیں اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اسی پوسٹ میں راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر میں 13 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے گینگ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کسی نے بھی اس مقدمے کے ملزم کو بچانے کی کوشش کی تو وہ خود کارروائی کریں گے۔

ممبئی پولیس کو فیس بک پوسٹ اور وائس نوٹ کے ذریعے اس مبینہ دھمکی کی اطلاع ملی، جس کے بعد متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم، تاحال عامر خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی اور نہ ہی کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ اس سے قبل بھی متعدد بار بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو نشانہ بنا چکا ہے اور سال 2024 میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری بھی اسی گینگ نے قبول کی تھی۔ اب عامر خان کو نشانہ بنائے جانے کی اس مبینہ دھمکی کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری میں سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے