ٹیکنالوجی

جی ٹی اے 6 کی متوقع آمدنی سے متعلق سنسنی خیز انکشاف، پری آرڈرز سے ایک ارب ڈالر کمانے کے دعوے مسترد

ان اعداد و شمار میں سے صرف امریکا اور یورپ کے پانچ بڑے ممالک سے 18 کروڑ ڈالر کے پری آرڈرز حاصل ہوئے ہیں، جبکہ باقی رقم عالمی مارکیٹ سے جمع ہوئی ہے

نیویارک: گیمنگ انڈسٹری کی معروف تجزیاتی کمپنی ‘نیوزُو’ نے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی ریلیز اور آمدنی سے متعلق ایک نیا اور سنسنی خیز تخمینہ پیش کیا ہے، جس کے مطابق یہ گیم اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں 3.25 سے 5.2 ارب امریکی ڈالر تک کی ریکارڈ آمدنی حاصل کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، جی ٹی اے 6 کے پری آرڈرز شروع ہونے کے ابتدائی ہفتوں میں ہی دنیا بھر کے گیمرز ڈیجیٹل کاپیاں خریدنے پر تقریباً 26 کروڑ ڈالر خرچ کر چکے ہیں۔ ان اعداد و شمار میں سے صرف امریکا اور یورپ کے پانچ بڑے ممالک سے 18 کروڑ ڈالر کے پری آرڈرز حاصل ہوئے ہیں، جبکہ باقی رقم عالمی مارکیٹ سے جمع ہوئی ہے۔

نیوزُو نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ان دعووں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ گیم نے صرف پری آرڈرز کے ذریعے ہی ایک ارب ڈالر کما لیے ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ یہ دعویٰ قبل از وقت اور غلط ہے کیونکہ گیم کی آفیشل ریلیز میں ابھی 21 ہفتے باقی ہیں، اور گیم بنانے والی کمپنیوں ‘راک اسٹار گیمز’ اور ‘ٹیک-ٹو انٹرایکٹیو’ کی بڑی مارکیٹنگ مہم کا آغاز ہونا ابھی باقی ہے۔

گیمنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے 6 کے پری آرڈرز کا یہ آغاز انڈسٹری کی تاریخ کا سب سے بڑا اور تاریخی آغاز ہے۔ اس نوعیت کا دیوانہ وار رجحان ماضی میں صرف چند ہی انتہائی کامیاب تجارتی گیمز کے ساتھ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ گیم ریلیز ہوتے ہی کمائی کے تمام پچھلے ریکارڈز توڑ دے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے