پاکستان

آبنائے ہرمز پر انحصار ختم کرنے کے لیے مقامی سطح پر تیل کی تلاش شروع کردی: علی پرویز ملک

فاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد: (اردو خبرنامہ ڈیسک )وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے آبنائے ہرمز یا کسی بھی بیرونی ذریعے پر انحصار ختم کرنے کے لیے مقامی سطح پر تیل کی تلاش کے کام کو متحرک کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ترکیہ کے وزیر ستمبر یا اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ہمارے وسیع کمرشل ذخائر سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس حکومتی اقدام کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں شفافیت اور مسابقت لانا ہے، جس سے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔

علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ پہلے ہفتہ وار یا پندرہ روزہ بنیادوں پر قیمتیں تبدیل ہونے کی وجہ سے پیٹرول پمپس پر تیل کی بندش اور بلیک مارکیٹنگ جیسے مسائل جنم لیتے تھے۔ اب نئے نظام کے تحت قیمتوں میں کمی یا بیشی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچے گا۔ اوگرا (OGRA) بطور ریگولیٹر بغیر کسی سیاسی مداخلت کے قیمتیں طے کرے گا، جس سے لاگت میں کمی آئے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم انڈسٹری کے بڑے اسٹیک ہولڈرز اور پمپ مالکان سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور ان کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی اگلے 15 سے 20 دنوں میں پیٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیشن کی طرف لے جائے گی، جبکہ سپلائی چین کی نگرانی کے لیے قائم خصوصی ادارہ ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھے گا۔ حکومت ایک ماہ کے اندر اس حوالے سے مکمل پیکج عوام کے سامنے لائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے