تازہ ترین

پاکستان اور کینیڈا کا زراعت، تجارت اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا دورہٴ اسلام آباد؛ وزیراعظم، وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سے اہم ملاقاتیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد کے اہم دورے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

کینولا کی ترسیل کے لیے معاہدہ اور معاشی تعاون

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کو تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیا۔ اس موقع پر زراعت کے شعبے میں ایک نئے ضابطہٴ کار پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت کینیڈا سے کینولا کی درآمد کے لیے نباتاتی حفظانِ صحت سے متعلق واضح شرائط وضع کی جائیں گی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان تعلیم، توانائی، کان کنی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کینیڈین سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا حوالہ دیتے ہوئے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

انسدادِ دہشت گردی، کشمیر اور سندھ طاس معاہدہ

ملاقاتوں کے دوران دہشت گردی اور بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا گیا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے اقوامِ متحدہ اور انٹرپول کے ذریعے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اقدامات کی حمائت جاری رکھنے کا اعلان کیا، نیز تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے نئے منصوبوں کا حکم دیا۔

نائب وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب کے سامنے مسئلہ جموں و کشمیر کا معاملہ اٹھایا اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارت پر معاہدے کی فوری بحالی کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبات کیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو ہمہ گیر بنانے کے لیے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے