پاکستان

یمن سرحد پر پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی، سعودی عرب پر حملہ سرخ لکیر ہے: پاکستان کا ایران کو واضح پیغام

اسلام آباد: غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے ایران کو اعلیٰ سطح پر دوٹوک پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی "سرخ لکیر” (ریڈ لائن) ہے اور اس کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی حکام کے مطابق، ایران کو واضح کر دیا گیا ہے کہ سعودی عرب پر کسی بھی قسم کا حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کو تشویش ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجے میں وہ بادلِ نخواستہ اس تنازع کا حصہ بن سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی فوجیوں کو یمن کے ساتھ لگنے والی سعودی سرحدی پٹی کے قریب تعینات کر دیا گیا ہے۔

دفاعی اور سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، پاکستان کو خدشہ ہے کہ حوثیوں کی اس جارحیت سے بحیرہ عرب میں بحری جہازوں کی آمد و رفت اور تجارتی راستے شدید متاثر ہو سکتے ہیں، جن پر پاکستان سمیت کئی ممالک کا انحصار ہے۔ اس کے علاوہ، اگر سعودی عرب کے مفادات کو نشانہ بنایا گیا تو دوطرفہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان کے لیے فوجی مداخلت ناگزیر ہو جائے گی۔

سیکیورٹی تجزیہ کار محمد عامر رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان کو توقع نہیں تھی کہ خطے میں کشیدگی اتنی اچانک بڑھ جائے گی۔ دوسری جانب، دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت اس وقت تمام فریقین کو اچھے برتاؤ اور تحمل کی ترغیب دینے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم اگر حوثیوں نے اپنے حملوں کا دائرہ سعودی عرب تک بڑھایا تو حالات یکسر تبدیل ہو سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے