شوبز

’کنگ آف پاپ‘ کا جادو : مائیکل جیکسن کی بایوپک کی ایک ارب ڈالرز سے زائد کی تاریخی کمائی

ریلیز کے محض 12 ہفتوں کے اندر 1.001 ارب ڈالرز کما کر یہ تاریخ کی کامیاب ترین بایوپک بن گئی ہے۔

پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم ’مائیکل‘ نے دنیا بھر کے باکس آفس پر دھوم مچاتے ہوئے ایک ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ریلیز کے محض 12 ہفتوں کے اندر 1.001 ارب ڈالرز کما کر یہ تاریخ کی کامیاب ترین بایوپک بن گئی ہے۔

باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق، فلم نے شمالی امریکا سے 371.8 ملین ڈالرز اور باقی دنیا سے 629.8 ملین ڈالرز سمیٹے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی ’مائیکل‘ دنیا کی پہلی بایوگرافیکل فلم بن گئی ہے جس نے ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

اپریل 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے پہلے ہی ہفتے میں امریکا سے 97 ملین ڈالرز اور عالمی مارکیٹ سے 217 ملین ڈالرز کما کر اپنے ارادے ظاہر کر دیے تھے، جو کسی بھی میوزیکل بایوپک کی تاریخ کا سب سے بڑا آغاز تھا۔

اس فلم نے مایہ ناز فلم ’اوپن ہیمر‘ کا ریکارڈ توڑ کر کسی بھی حقیقی شخصیت پر بننے والی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ پروڈکشن ہاؤس ’لائنس گیٹ‘ کی تاریخ کی بھی سب سے کامیاب فلم بن چکی ہے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مائیکل جیکسن کا مرکزی کردار ان کے اپنے سگے بھتیجے نے نبھایا ہے، جس میں پاپ اسٹار کے بچپن، ان کی جدوجہد، شہرت کی بلندیوں اور ذاتی زندگی کے اتار چڑھاؤ کو بہترین انداز میں فلمایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس تاریخ ساز کامیابی کے بعد لائنس گیٹ اسٹوڈیو اب مائیکل جیکسن کی زندگی کے دیگر حصوں پر بھی ایک نئی فلم بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے