سنیتا آہوجہ کا عزم: افواہوں کے باوجود گووندا کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گی
میں نے 15 سال کی عمر میں گووندا سے محبت کی تھی اور آج 56 سال کی عمر میں بھی ان کے لیے میری محبت ویسی ہی ہے
بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجہ نے اپنے شوہر کے افیئرز کی افواہوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہیں اپنے رشتے پر پورا بھروسہ ہے اور وہ گووندا کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سنیتا آہوجہ نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے اداکاروں سے متعلق ایسی باتیں سامنے آنا ایک عام سی بات ہے، لیکن ایک مضبوط رشتہ باہمی اعتماد اور سچی محبت پر قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، "میں ہمیشہ کہتی ہوں کہ کسی اداکار کی بیوی بننے کے لیے دل بہت بڑا اور مضبوط کرنا پڑتا ہے۔ میں نے 15 سال کی عمر میں گووندا سے محبت کی تھی اور آج 56 سال کی عمر میں بھی ان کے لیے میری محبت ویسی ہی ہے۔”
سنیتا آہوجہ نے مزید اعتراف کیا کہ انہوں نے زندگی میں کئی بار گووندا کو معاف کیا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک سچی محبت کا دوسرا نام ہی معاف کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے جوڑے کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جن کی دونوں نے کبھی تصدیق نہیں کی۔ گووندا اور سنیتا 1987 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور ان کے دو بچے، ٹینا آہوجہ اور یش وردھن ہیں۔

