پاک ایران تعلقات کی مضبوطی: پاکستان امتِ مسلمہ کا عظیم اثاثہ اورفیلڈ مارشل قابل تعریف ہیں:ایران
تہران میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کی اہم ملاقات؛ مسلم ممالک کے بڑے اتحاد پر زور
تہران میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور مسلم امت کے درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن رضائی نے پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو اسلامی دنیا کا ایک عظیم اور بے مثال اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں۔ انہوں نے علاقائی استحکام اور سفارتی محاذ پر پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف کی فعال حکمتِ عملی کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیشِ نظر مسلم ممالک کے درمیان قریبی رابطہ اور باہمی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔
مسلم ممالک کے فعال اتحاد پر زور ایرانی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے بڑے اور اہم مسلم ممالک کی مشترکہ ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کو باہمی اختلافات کو کم کر کے مشترکہ مفادات پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر یہ ممالک اکٹھے ہوں تو پوری مسلم دنیا کے لیے ترقی اور تعاون کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
دوطرفہ روابط کی مضبوطی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات میں مزید گرمجوشی اور استحکام آیا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرحدوں کے تحفظ اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعاون کو نئے افق تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان خطے میں سفارتی رابطوں اور ثالثی کے عمل میں ایک موثر اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔

