پاکستان

پاکستان نے افغانستان میں کارروائیوں سے متعلق بھارت کے الزامات کو مسترد کر دیا

بیان ایسے ملک کی جانب سے سامنے آیا جو ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا رہا ہے

اسلام آباد (اردو خبرنامہ)پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف اپنی قانونی اور ٹارگٹڈ کارروائیوں پر بھارتی وزارتِ خارجہ کے من گھڑت اور بے بنیاد تبصرے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔بھارتی دفترِ خارجہ کے حالیہ بیان پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف پاکستان کے جائز اور متناسب اقدامات پر بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان حقیقت سے عاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز دعویٰ ایک ایسے ملک کی طرف سے سامنے آیا ہے جس کا اپنے پڑوسیوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت، اور ان کی خود مختاری و علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کا ایک طویل ریکارڈ رہا ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج بھی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کو طاقت کے زور پر دبا رہا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت میں ملوث ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور اس کا یہ کردار خطے کے امن کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے من گھڑت الزامات اور اشتعال انگیز بیانات اب اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے۔طاہر حسین اندرابی نے عزم دہرایا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنی دفاعی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے نبھاتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے