سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان اوروزیراعظم مارک کارنی کی اہم ملاقات
دونوں رہنماؤں کا مختلف شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم
اردو خبرنامہ ڈیسک ۔سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے جدہ میں ملاقات کی، جہاں ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ اس اہم بیٹھک میں دونوں ملکوں کے تعلقات، خطے کی سیکیورٹی اور عالمی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سرکاری دورے پر آئے کینیڈین وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا۔ مذاکرات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کے حالات، عالمی امن، اقتصادی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور قریبی تعلقات کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط بھی کیے گئے۔ ان معاہدوں کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔
سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم کا یہ دورہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی و اقتصادی شراکت داری مزید گہری ہوگی۔

