بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 102 خارجی ہلاک
پہاڑی علاقوں میں چھپے دہشتگردوں کو زمینی اور ہوائی حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا
کوئٹہ (اردو خبرنامہ) بلوچستان میں پاک فوج، فرنٹیر کانسٹیبلری (ایف سی) اور پولیس کا فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ "آپریشن شعبان” پوری قوت سے جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دورانکوئٹہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 16 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین کارروائیوں میں زمینی اور فضائی مدد سے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں اور خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران پہلے 9 اور پھر مزید 7 دہشتگرد مارے گئے۔ اس تازہ ترین کامیابی کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے شرپسندوں کی تعداد 52 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک صوبے بھر میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 102 دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری بہادر فورسز نے ملک دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو مٹی میں ملا دیا ہے، امن کو سبوتاژ کرنے والے ان عناصر کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے اور انہیں چھپنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

