آصف زرداری ناہید خان سے ناراض کیوں ہیں
پاک ایران گیس پائپ لائن پر صرف پیپلز پارٹی کے دور میں کام کیا گیا
حکومت اس وقت ایران ایشو پر بہترین کام کر رہی ہے
پانی کا مسئلہ سب سے اہم ترین مسئلہ ہے
ٹورانٹو (خبرنامہ رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری منظور احمد نے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ایران کا مسئلہ بین الاقوامی طور پر سب سے اہم ہے اور پاکستان اس میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے خبرنامہ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہمارے خطے کی سیاست کو دیکھا جائے تو اس وقت پانی کا مسئلہ پاکستان کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بھارت کو اس سلسلے میں اپنی ہٹ دھرمی ختم کرنا چاہئے۔

چوہدری منظور نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان میں سیاست کو آزاد نہیں رہنے دیا اور یہی وجہ ہے کہ سیاستدان بھی ہمیشہ خوفزدہ ہی رہتا ہے۔
محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے ناہید خان کو پیچھے کر دیا اور ان سے رابطے ختم کر دیئے اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناہید خان اس وقت انچارج تھیں اور تمام امور کی نگرانی کر رہی تھیں۔ ناہید خان نے محترمہ کی سکیورٹی ٹیم جس کا نام جان نثاران بے نظیر تھا ان کو ملتان سے واپس کر دیا تھا اور صرف سرکاری سکیورٹی کو رہنے دیا ۔ چوہدری منظور نے بتایا کہ آصف زرداری سمجھتے ہیں کہ ناہید خان نے محترمہ کی سکیورٹی ختم کرکے انہیں سرکار کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا اگر جان نثاران بے نظیر کی سکیورٹی کو ختم نہ کیا جاتا تو شاید یہ سانحہ نہ ہوتا۔ یاد رہے کہ چوہدری منظور ان دنوں اپنے نجی دورے پر ٹورانٹو آئے ہوئے ہیں۔

