آبنائے ہرمز کا کنٹرول اور گزرنے والے جہازوں پر 20فیصد فیس: صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان
آبنائے ہرمز کھلوانے کا معاوضہ ہوگا کوئی توقع نہ رکھے کہ یہ سب کچھ مفت میں ہوگا، ٹرمپ
واشنگٹن (اردو خبرنامہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا بہت جلد آبنائے ہرمز کی نگرانی اپنے ہاتھ میں لے گا اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں سے تحفظ فراہم کرنے کی فیس وصول کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ماضی میں کئی بار معاہدے ہوئے لیکن تہران نے ہمیشہ ان کی خلاف ورزی کی۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ گفتگو امریکی میڈیا چینل فاکس نیوز کے ایک پروگرام میں انٹرویو کے دوران کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے نگہبان کا کردار ادا کرنے جا رہا ہے، تاہم اس سروس کا معاوضہ وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کے امیر ممالک یہ توقع بالکل نہ رکھیں کہ امریکا ان کے تجارتی جہازوں کو مفت میں سیکیورٹی فراہم کرتا رہے گا۔
ایران پر تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ تہران کے ساتھ اب تک لگ بھگ 10 بار معاہدے طے پائے مگر انہوں نے ہر بار انحراف کیا، اسی لیے اب ایران کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکی عسکری طاقت کے سامنے ایران کو عبرت ناک شکست ہوئی ہے اور اس کی بحریہ، فضائیہ اور میزائل صلاحیتیں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

