کینیڈا بمبارڈیئر طیارے بیچنے سے باز رہے، ٹرمپ
اگر وہ اپنی مصنوعات امریکہ میں فروخت کرنا چاہتی ہے تو اسے تمام طیارے امریکی حدود کے اندر ہی تیار کرنا ہوں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کی معروف طیارہ ساز کمپنی ‘بمبارڈیئر’ کو امریکی مارکیٹ میں طیاروں کی فروخت فوری طور پر روکنے کی شدید دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اپنی مصنوعات امریکہ میں فروخت کرنا چاہتی ہے تو اسے تمام طیارے امریکی حدود کے اندر ہی تیار کرنا ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے کمپنی کی پیداواری معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بمبارڈیئر کی پروڈکٹس معیار کے لحاظ سے اعلیٰ درجے کی نہیں ہیں، جبکہ وہ اپنی کل آمدنی کا 50 فیصد سے زائد حصہ امریکی مارکیٹ، مقامی خریداروں، نجی کمپنیوں اور ایئرپورٹس کے بنیادی ڈھانچے سے حاصل کرتی ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ کینیڈین کمپنی کو امریکی معیشت سے اربوں ڈالر کا فائدہ اٹھانے کے بدلے امریکہ کے اندر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال جنوری میں بھی صدر ٹرمپ نے کینیڈا میں تیار ہونے والے تمام تجارتی و نجی طیاروں پر 50 فیصد تک کا بھاری درآمدی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کا مقصد امریکی ایوی ایشن انڈسٹری کو بیرونی مقابلے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

