پی آئی اے کی نجکاری ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، وزیراعظم
حکومت ملازمین اور مسافروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی معاشی اصلاحات کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ پیچیدہ قومی معاملات بھی حکومتی ٹیم ورک کے ذریعے شفاف اور بروقت انداز میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ انتظامی منتقلی کے دوران ملازمین اور مسافروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور فضائی آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ انہوں نے اس اہم قومی معاملے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف اور متعلقہ وفاقی وزراء کی انتھک کاوشوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔۔وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے کردار اور انتھک محنت کو سراہا۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کو اس کامیاب ٹیم ورک پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نجکاری امور کے مشیر محمد علی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے اراکین کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشوں سے یہ اہم قومی معاملہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔

