پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مؤثر سفارت کاری کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا: وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں
کراچی : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں اور حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کا کردار قابلِ فخر ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو دوست ممالک کی حمایت حاصل رہی، جبکہ پاکستان نے ثالث کے طور پر اپنا مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قیامِ امن کے لیے شب و روز محنت کی، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیوی نے قومی دفاع میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت بحری دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو اندرونی اور بیرونی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قومی یکجہتی اور مضبوط اداروں کی بدولت ان چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔

