مجھےیقین ہو گیا تھا کہ شاید میں زندہ نہ بچ سکوں، سیف علی خان
اداکار سیف علی خان نے جان لیوا حملے پر پہلی بار خاموشی توڑ دی
ممبئی (اردو خبرنامہ) بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار سیف علی خان نے اپنے گھر میں پیش آنے والے جان لیوا چاقو حملے پر پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس رات انہیں اپنی موت صاف نظر آ رہی تھی۔ ایک تازہ انٹرویو میں واقعے کی ہولناک تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح حملہ آور رات کے اندھیرے میں ان کے ممبئی والے گھر کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوا تھا، جس کے پاس کئی چاقو تھے اور وہ بھاری رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔سیف علی خان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ان کی زندگی کو ہلا کر رکھ دیا، یہاں تک کہ وہ اور ان کے بچے زندگی کی امید چھوڑ چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم پہلے بچوں کے کمرے میں گھسا اور انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن جب میں بچوں کو بچانے آگے بڑھا تو اس نے مجھ پر چاقوؤں سے پے در پے وار کر دیے۔ حملے کے نتیجے میں اداکار کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر گہرے زخم آئے اور ان کا پورا لباس خون سے لت پت ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گھر کی ملازمہ نے شدید بہادری دکھائی اور حملہ آور کو باہر دھکیلنے میں مدد کی۔ واقعے کے فوری بعد 55 سالہ اداکار کو رات ساڑھے تین بجے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچائی۔

