فیفا ورلڈ کپ، آخری لمحات میں بیلجیم کی جیت، سینیگال ایونٹ سے باہر
بیلجیم پری کوارٹر فائنل میں امریکہ یا بوسنیا و ہرزیگووینا سے ٹکرائے گا
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے ایک انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں بیلجیئم نے کایا پلٹتے ہوئے سینیگال کو 2-3 سے دھول چٹا دی اور کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔میچ کے بیشتر حصے میں افریقی چیمپئن سینیگال کی ٹیم میدان پر حاوی نظر آئی۔ حبیب دیارا اور اسماعیلہ سار کے شاندار گولز کی بدولت سینیگال نے 0-2 کی مضبوط برتری حاصل کر لی تھی، جس سے ایسا لگ رہا
تھا کہ بیلجیئم کا ورلڈ کپ کا سفر یہیں تمام ہو جائے گا۔لیکن بیلجیئم کی ‘ریڈ ڈیولز نے ہار ماننے سے انکار کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں متبادل کھلاڑی رومیلو لوکاکو نے 86 ویں منٹ میں تھامس میونیئر کے بہترین کراس پر گول داغ کر اپنی ٹیم کی امیدوں کو جلا بخشی۔ ابھی سینیگال کی ٹیم اس دھچکے سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ چند ہی منٹوں بعد لیانڈرو ٹروسارڈ کے خطرناک پاس پر یوری تیلیمانس نے جادوئی ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور 2-2 سے برابر کر دیا، جس کے بعد میچ اضافی وقت (Extra Time) میں داخل ہو گیا۔
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کے لیے جان لڑا دی، لیکن ڈرامائی موڑ 125ویں منٹ میں آیا جب لامین کمارا کے ایک چیلنج پر وی اے آر (VAR) ریویو کے بعد ریفری نے بیلجیئم کے حق میں پنالٹی کا فیصلہ سنایا۔ سینیگال کے کھلاڑیوں نے اس فیصلے پر شدید احتجاج بھی کیا۔اس نازک موقع پر یوری تیلیمانس نے کمالِ اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنالٹی کو گول میں بدل دیا اور بیلجیئم کو 2-3 کی تاریخی اور یادگار فتح دلا دی۔ اس شاندار جیت کے بعد اب کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کا مقابلہ امریکا یا بوسنیا و ہرزیگووینا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔

