انٹرنیشنل

ایران کو فضائی دفاعی میزائل کی فراہمی کا دعویٰ بے بنیاد ہے: چین نے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی

چین اور پاکستان کی جانب سے ایران کو میزائل منتقلی کی خبروں کی تردید، رپورٹس کو حقائق کے منافی قرار دے دیا

بیجنگ / راولپنڈی: چین نے ایران کو فضائی دفاعی میزائلوں کی کھیپ بھیجنے سے متعلق عالمی میڈیا کی رپورٹس کو سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘الجزیرہ’ کے مطابق بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے وضاحت کی کہ چین اس معاملے پر پہلے بھی متعدد بار اپنا موقف واضح کر چکا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین ہمیشہ خطے میں امن کے قیام، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا ہے۔

قبل ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ چین اپنے مغربی شہر ارومچی سے فضائی راستے کے ذریعے ایران کو کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے 400 ایئر ڈیفنس میزائل لانچر فراہم کرنے جا رہا ہے، جس کے لیے پاکستان کی فضائی حددو کو بطور ‘ٹرانزٹ روٹ’ استعمال کیا جانا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی ترک خبر ایجنسی ‘انادولو’ سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں اور قیاس آرائیوں کی سخت تردید کی ہے اور انہیں حقیقت سے بعید قرار دیا ہے۔ چین اور پاکستان دونوں کی جانب سے ان رپورٹس کی مکمل تردید کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ فضائی راستے سے میزائل منتقلی کا دعویٰ محض افواہ تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے