کھیل

انگلینڈ ، ڈی آر کانگو کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

میچ کے 86ویں منٹ میں ہیری کین نے ایک اور گول داغ کر انگلینڈ کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی

فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے راؤنڈ آف 32 میں ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں انگلینڈ نے شاندار واپسی (کم بیک) کرتے ہوئے ڈی آر کانگو کو 1-2 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔
میچ کا آغاز ڈی آر کانگو کے طوفانی حملوں سے ہوا، جس کا فائدہ انہیں کھیل کے ساتویں ہی منٹ میں ملا جب سیپنگا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف میں انگلینڈ کی قسمت نے بھی ساتھ نہ دیا؛ ایک تیز کاؤنٹر اٹیک کے دوران کپتان ہیری کین کو پنالٹی ایریا میں گرایا گیا، لیکن ریفری نے پنالٹی کی اپیل مسترد کر دی۔ اسی مایوسی کے ساتھ پہلا ہاف ڈی آر کانگو کی برتری پر ختم ہوا۔
دوسرے ہاف میں انگلش ٹیم ایک بالکل الگ روپ میں نظر آئی اور انہوں نے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔ بالاآخر 75 ویں منٹ میں کپتان ہیری کین نے اپنی کلاس دکھائی اور ایک خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب میچ ختم ہونے میں صرف 4 منٹ باقی تھے۔
86 ویں منٹ میں ہیری کین نے ایک بار پھر جادوئی کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرا گول داغ دیا، جس نے انگلینڈ کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ ڈی آر کانگو کی ٹیم اس وار سے سنبھل نہ سکی اور میچ کے اختتام تک یہ برتری برقرار رہی۔اس اعصاب شکن جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ٹورنامنٹ میں اپنا سفر برقرار رکھتے ہوئے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ ڈی آر کانگو کا ورلڈ کپ کا سفر یہیں تمام ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے