دفاعی چیمپئن ارجنٹائن فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں پہنچ گیا، انگلینڈ کو سیمی فائنل میں شکست
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-1 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-1 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ میں دونوں ٹیمیں 24 سال بعد ورلڈ کپ کے کسی میچ میں مدمقابل تھیں۔ فٹ بال شائقین کو ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور انگلینڈ کے ہیری کین سے بڑی امیدیں تھیں، تاہم دونوں ہی اسٹار کھلاڑی مقررہ وقت میں کوئی گول اسکور نہ کر سکے۔
میچ کا پہلا گول انگلینڈ کے گورڈن نے 55 ویں منٹ میں کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ انگلینڈ کی یہ برتری میچ کے آخری لمحات تک برقرار رہی، لیکن 85 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز نے شاندار گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
میچ اضافی وقت میں داخل ہوا جہاں لاؤتارو مارٹینز نے لیونل میسی کے بہترین پاس پر گول داغ کر ارجنٹائن کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
واضح رہے کہ فائنل میں اب ارجنٹائن کا مقابلہ اسپین سے ہوگا، جو پہلے ہی فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کر چکا ہے۔

