انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ: پاکستانی طلبہ نے تین کانسی کے تمغے جیت لیے
چار سے 12 جولائی تک جاری رہنے والے اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے 90 سے زائد ممالک سے 400 سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا
کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں منعقد ہونے والے 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کانسی کے تمغے (برانز میڈلز) اپنے نام کر لیے ہیں۔ 4 سے 12 جولائی تک جاری رہنے والے اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے 90 سے زائد ممالک سے 400 سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے تمغے جیتنے والوں میں ڈی جی خان کے ذوالفقار علی، راولپنڈی کے حمدان علوی اور اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، لاہور کے حزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے مقابلے میں نمایاں کارکردگی پر خصوصی اعزازی اسناد حاصل کیں۔
ان ہونہار طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور پیاس (PIEAS) کے تحت منعقدہ 22 ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔ ایک طویل اور سخت انتخابی عمل کے بعد، منتخب طلبہ کو پیاس کیمپس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین کی نگرانی میں اعلیٰ سطح کی نظریاتی اور تجرباتی فزکس کی تربیت دی گئی تھی، جس کی بدولت انہوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔

