امریکا اور ایران کا ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق
امریکا ایران جنگ بندی معاہدے پر ایک اور جنگ بندی کا معاہدہ ہوگیا۔ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر حملے نہ کرنے پر اتفاق کرلیا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینیئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایرانی حکام کے درمیان کل دوحہ میں ملاقات بھی متوقع ہے جس میں آبنائے ہرمز کا تنازع حل کرنے پر بات ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت جاری رہے گی ۔ امریکی اور ایرانی فوج کے درمیان ہاٹ لائن تاحال فعال نہیں۔
واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں رواں ہفتے شیڈول امریکا ایران مذاکرات معطل ہوگئے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق شیڈول مذاکرات آبنائے ہرمز پر لڑائی کے باعث معطل ہوئے، مفاہمتی یادداشت کے بعد تکنیکی ٹیموں کے مذاکرات ہونے تھے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فریقین نے تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا تاہم پچھلے دو دن لگاتار جھڑپوں کے باعث مذاکرات کھٹائی میں پڑگئے۔

