وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کا خدشہ
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، درجنوں کی حالت تشویشناک
وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، اب تک ہلاکتوں کی تعداد 235 ہوگئی جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ایک منٹ کے اندر آنے والے دو طاقتور ترین زلزلوں کیوجہ سے متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں منہدم ہوئیں جن کے ملبے تلے سیکڑوں افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔زلزلے کے بعد ہنگامی امدادی کام جاری ہیں جہاں رضاکار ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کیلیے کوشاں ہیں اور اب تک 235 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر سڑکوں پر آگئے۔زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں آئے، تاہم ان کے جھٹکے پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے اور پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک بھی لرزش محسوس کی گئی۔وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطاً گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ کئی مقامات پر ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ادارے نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد ہیں جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔

