کترینہ کیف بزنس کے میدان میں بھی ہٹ؛ ‘کے بیوٹی’ کا 350 کروڑ روپے کا بزنس
ان کا کاسمیٹک برانڈ ’’کے بیوٹی‘‘ (Kay Beauty) چند ہی سالوں میں بھارت کے مقبول ترین برانڈز میں شامل ہو چکا ہے،
ممبئی: بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ کترینہ کیف نے فلمی دنیا کے بعد کاروباری میدان میں بھی بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ان کا کاسمیٹک برانڈ ’’کے بیوٹی‘‘ (Kay Beauty) چند ہی برسوں میں بھارت کے نمایاں ترین برانڈز میں شامل ہو گیا ہے، جس کا مجموعی بزنس 350 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
مالیاتی رپورٹس کے مطابق، مالی سال 2026 میں برانڈ کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 46 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کترینہ کیف نے یہ برانڈ 2019 میں بھارت کے معروف بیوٹی ریٹیل پلیٹ فارم ‘نائیکا’ (Nykaa) کے اشتراک سے متعارف کرایا تھا۔ برانڈ نے آغاز میں ناقدین کے ان خدشات کو غلط ثابت کر دیا کہ یہ صرف اداکارہ کی شہرت کے سہارے چلے گا، اور معیاری مصنوعات کی بدولت مارکیٹ میں اپنی مستقل جگہ بنائی۔
مارکیٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’کے بیوٹی‘ کی کامیابی کی بڑی وجہ مصنوعات کا اعلیٰ معیار، مناسب قیمتیں اور خاص طور پر جنوبی ایشیا کے موسم اور جلدی رنگت (Skin Tones) کے مطابق تیاری ہے۔ نائیکا کے وسیع نیٹ ورک، سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور انفلوئنسرز کے مؤثر استعمال نے برانڈ کو کروڑوں صارفین تک پہنچایا۔
بھارتی مارکیٹ میں کامیابی کے بعد ’کے بیوٹی‘ نے اب بین الاقوامی منڈیوں کا رخ بھی کر لیا ہے، جہاں برطانیہ اور مشرقِ وسطیٰ کے صارفین کی جانب سے برانڈ کو انتہائی مثبت پذیرائی مل رہی ہے۔

