تازہ ترین

ڈونلڈ ٹرمپ کو مڈٹرم انتخابات ملتوی یا کنٹرول کرنے کے لیے مارشل لا کا مشورہ

ایران سے 7 روزہ جنگ بندی مسترد: نومبر کے بعد دوبارہ کارروائی کا امکان

واشنگٹن(اردو خبرنامہ) امریکی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آئندہ مڈٹرم انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے ملک میں مارشل لا نافذ کرنے کی تجاویز دی جا رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب ٹرمپ نے ایران کے ساتھ 7 روزہ جنگ بندی کی تجویز بھی مسترد کر دی ہے۔

امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے سرکاری حکام کے حوالے سے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو اس بات کا یقین نہیں کہ تہران ان کے مطالبات تسلیم کرے گا، اسی لیے انہوں نے اپنے معاونین کو اشارہ دیا ہے کہ نومبر کے مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی یا بمباری دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ‘سی این این’ اور ‘دی اٹلانٹک’ کی رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹرمپ کے بعض بیرونی مشیر مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی ممکنہ کامیابی سے خوفزدہ ہیں اور انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ آئینی اختیارات یا مارشل لا کا سہارا لے کر وفاقی سطح پر انتخابات کا کنٹرول سنبھال لیں۔

رپورٹ کے مطابق، اگرچہ ٹرمپ کی ٹیم کے کچھ قریبی ساتھی گزشتہ کئی ماہ سے انہیں انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بے بنیاد نظریات سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم بیرونی مشیروں کا ایک دھڑا مسلسل سخت اقدامات پر زور دے رہا ہے۔ ‘دی اٹلانٹک’ کے مطابق ٹرمپ کے دیرینہ وکیل اور اتحادی پیٹر ٹکٹن نے بھی مڈٹرم کے دوران مارشل لا کے امکانات کا ذکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تمام باتیں فی الحال بیرونی مشیروں کی تجاویز اور ذرائع کے دعوؤں تک محدود ہیں، اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی باقاعدہ پالیسی یا فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے