تازہ ترین

ٹورانٹو قونصلیٹ میں افسران کی فوج ظفر موج

اسحاق ڈار نے اپنے پرسنل سیکرٹری کو قونصلر لگوا دیا
تمام سروسز آن لائن ہیں تو افسران کی بھرمار غیر ضروری ہے
پاکستانی معیشت خسارے میں ہے اور حکمران کی شاہ خرچیاں عروج پر

ٹورانٹو(خبر نگار خصوصی) پاکستانی قونصلیٹ ٹورانٹو جہاں پر پہلے ہی افسران کی بھرمار ہے وہاں پر ایک اور افسر کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس طرح سے اب یہاں پر گریڈ 19 سے لے کر گریڈ 20 تک کے پانچ افسران کام کیا کریں گے۔

خبرنامہ نے جب اس سلسلے میں معلوم کیا تو پتہ چلا کہ موجود نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پرسنل سیکرٹریکو ٹورانٹو میں تعینات کر دیا گیا ہے اور اس کے لئے قونصلر کی ایک نئی سیٹ نکالی گئی ہے اور انہیں گریڈ 19 کی تمام تر تنخواہ اور دیگر سہولیات دی جائیں گی۔

یاد رہے کہ ٹورانٹو قونصلیٹ میں اب چار افسران گریڈ 19 کے کام کر رہے ہیں جبکہ قونصل جنرل گریڈ 20 کے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک ایک افسر تقریباً 30 لاکھ پاکستانی تنخواہ لے رہا ہے جبکہ رہائش، بچوں کی تعلیم اور بجلی پانی گیس کی سہولیات الگ سے میسر ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کے مطابق ملک کو اس وقت شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور لوگو ں کو بچت اور کفایت شعاری اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے دوسری طرف یہ عالم ہے کہ بیرون ملک غیر ضروری تعیناتیاں کرکے اپنے اپنے چہیتوں کو نوازا جا رہا ہے۔

خبرنامہ نے اس سلسلے میں ٹورانٹو کے عام شہریوں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ آن لائن، پاسپورٹ آن لائن، ویزہ آن لائن تو پھر باقی کیا بچتا ہے۔ یہاں پر تو صرف دو آدمیوں کے سٹاف سے ہی کام چلایا جا سکتا ہے۔ یہاں پر فوج ظفر موج کی تو ضرورت ہی نہیں ۔ ایک قونصل جنرل اور دوسرا کمرشل قونصلر ہی کافی ہیں اور یہ دونوں افسران تمام طرح کے دفتری امور انجام دے سکتے ہیں باقی کام لوکل لوگوں سے چلایا جا سکتا ہے اس کے لئے پاکستان سے اتنے اتنے مہنگے افسران منگوانے کی بھلا کیا ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے