انٹرنیشنل

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت

اگلا دور سابق ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد ہوگا: قطر

دوحا (اردو خبرنامہ) قطر نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم دونوں ممالک نے سابق ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے احترام میں اگلے دور کی بات چیت کو کچھ عرصے کے لیے مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بتایا کہ بدھ کے روز دوحا میں قطری اور پاکستانی ثالثوں نے امریکی اور ایرانی وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان سفارتی بیٹھکوں میںاسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر انتہائی مثبت بات چیت ہوئی۔ ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ مذاکرات لیک لوسرن سمٹ کے فیصلوں کی روشنی میں آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر کی تدفین کے مراحل مکمل ہوتے ہی مذاکرات کا اگلا دور جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب، ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سابق سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی مرکزی تقریبات 7 جولائی کو مقدس شہر قم میں منعقد کی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی جس کی امامت ایران کے ایک جید اور سینیئر شیعہ عالم دین کریں گے۔
اسی دوران، یہ اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے کہ عراق کی پارلیمنٹ کے تقریباً 120 اراکین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر کے جسدِ خاکی کو عراق لایا جائے، تاکہ عراقی عوام اور قیادت کو بھی ان کی آخری رسومات اور نمازِ جنازہ کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے