ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس: بھارت سے سیکورٹی تعاون حاصل رہا، کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی
بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے باوجود کینیڈین شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، امریکی اخبار کو انٹرویو
اوٹاوا / نیویارک (اردو خبرنامہ)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے انکشاف کیا ہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات کے دوران کینیڈا کو بھارت کے ساتھ سکیورٹی تعاون حاصل ہوا۔ امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم مارک کارنی نے کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات، سیکورٹی امور اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام پر تفصیل سے گفتگو کی۔
کینیڈین وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے باہمی سیکورٹی تعاون اور متعدد سطحوں پر رابطے برقرار رکھنا ناگزیر ہیں۔ تاہم، انہوں نے مستقبل میں کینیڈا کی سرزمین پر بھارت سے منسلک کسی بھی ممکنہ جرم کی مکمل ضمانت دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے لیے جرائم کے مکمل خاتمے کی ضمانت دینا ممکن نہیں ہوتا۔
وزیراعظم مارک کارنی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی حکومت دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں اوٹاوا اور نئی دہلی کے درمیان سفارتی رابطے بحال ہوئے ہیں اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو جاری ہے۔

