ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
ایران طویل سفر طے کرکے آیا ہے، میرے خیال میں وہ خوش ہیں، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی عمل کو مثبت قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاملات بالکل ٹھیک چل رہے ہیں اور قطر میں ہونے والی حالیہ ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "ہم بہت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایران ایک طویل سفر طے کر کے یہاں تک پہنچا ہے اور میرے خیال میں وہ اس پیش رفت سے خوش ہیں۔ تہران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل درست ٹریک پر ہے، اب تک کی ملاقاتیں شاندار رہی ہیں اور دیکھتے ہیں کہ آگے کیا نتائج سامنے آتے ہیں۔”دوسری جانب، باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوئے ہیں۔
ان مذاکرات میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت اور خطے میں پائیدار جنگ بندی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، ان مذاکرات میں قطر اور پاکستان مشترکہ طور پر ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف نے قطری وزیر اعظم سے ملاقات کی، جس میں مذاکرات کی باریکیوں اور ایجنڈے پر بات چیت کی گئی۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سینیئر حکام براہِ راست ان تکنیکی مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے بجائے پسِ پردہ نگرانی کر رہے ہیں۔

